سُلطان الفقر حضرت سُلطان محمد اصغرعلی صاحبؒ کی ولادتِ با سعادت عالمِ اِسلام کے تاریخ ساز دِن یعنی 14 اگست 1947ئ کو ہوئی ، یہ دن تاریخِ اسلام میں وہ اہم مقام رکھتا ہے کہ جِس دن سلطنتِ مدینہ کے بعد کوئی بھی دوسری مملکت ﴿ اِسلامی جمہوریّہ پاکستان ﴾ نظریۂ لا اِلٰہ اِلّا اللہ کی بنیاد پہ معرضِ وجود میں آئی۔
اصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین
متعلقہ لنکس
آپ نے ابتدائی تعلیم دربارِ عالیہ حضرت سُلطان باھُوؒ پہ ہی حاصل کی جس کے بعد آپ اپنے مرشد و والد حضرت سُلطان محمد اصغرعلی صاحبؒ کے ساتھ روحانی و تحریکی تربیّت میں رہے۔
اصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین کے اغراض و مقاصد قرآن مجید اور احادیثِ مُبارکہ کی روشنی میں اولیائے کاملین کی تعلیمات کو عوام النّاس تک پہنچانا اور اُن میں اجتماعیّت کا شعور پیدا کرنا ہے۔
حدیثِ قُدسی میں اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے
’’میں ایک چھُپا ہوا خزانہ تھا میں نے چاہا کہ میں پہچانا جاؤں ، پس میں نے مخلوق کو اِس لئے پیدا کیا تاکہ یہ میری پہچان کرے ‘‘ ۔
اِس مقصد ﴿ معرفتِ الٰہی ﴾ کی تکمیل کی خاطر اللہ تعالیٰ نے اپنی تمام مخلوق سے ایک امتحان لیا جس میں اِنسان نے کامیابی حاصل کی اور دیگر مخلوقات پہ برتری کا شرف حاصل کرکے اِس زمین پہ اللہ کا خلیفہ ﴿ نائب ﴾ قرار پایا ۔
’’ بیشک ہم نے اپنی ایک امانت آسمانوں پہ ، پہاڑوں پہ اور زمین پہ پیش کی ۔ یہ تمام ‘ امانت کے بوجھ کو اُٹھانے سے عاجز آگئے اور پھٹ پڑے مگر اِنسان نے اُسے قبول کر لیا …. ۔ ﴿ القرآن ﴾
اللہ تعالیٰ نے اِنسان کو بیشمار نعمتیں اور اختیارات عطا کئے اور اِسے تمام مخلوقات کو مسخّر کرلینے کی صلاحیّت بھی بخشی ۔ ساتھ ساتھ اِس کی طرف زندگی کے بنیادی مقصد ﴿ معرفتِ توحید ﴾ تک حصول کیلئے اپنے منتخب بندوں کو ہدایت کا پیغام دیکر اِس کی طرف بھیجا ۔ کم و بیش ایک لاکھ چالیس ہزار انبیأ اور رسول دنیا کی تمام اقوام کی پاس مبعوث ہوئے اور اِنسانیّت کو فلاح کے راستے کی دعوت دیتے رہے ۔ مگر جب محمد الرّسول اللہ ﷺ تشریف لائے تو اُن کے بعد اللہ نے نبوّت کا دروازہ تا قیامت بند کردیا ۔
دروازۂ نبوّت بند ہونے کے بعد دعوتِ توحید کا فریضہ اہلِ بیت ، صحابۂ کرام ، تابعین اور تبع تابعین نے سر انجام دیا پھر اُن کے بعد یہ ذمّہ داری اللہ کے برگزیدہ بندوں یعنی صوفیأ کرام نے نبھائی ۔ پوری دُنیا میں دَعوت و اشاعتِ اِسلام کے ساتھ ساتھ مشرقِ وُسطیٰ ، وَسْط و جنُوبی ایشیأ ، اَفریقہ اور اُندلَس میںفرد کی کردار سازی اور مادی ترقّی کے ساتھ فرد کے رُوحانی اِستخلاص کیلئے صوفیأ کرام نے اَن گنت خدمات پیش کیں ۔
دُنیائے اِسلام کے عظیم روحانی پیشوأ ، صوفی شاعر ، صوفی دانشور اور صُوفی فلسفی حضرت سُلطان باھُو اُن میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں جنہوں نے اِسلام کی عالمگیر فکر کو اِنسانی بنیادوں پہ آگے بڑھایا ۔
اِصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین
سُلطان العارفین حضرت سُلطان باھُوؒ کے دربارِ پُر انوار سے ﴿ حضرت سُلطان باھُو کی نویں ﴿۹﴾ پُشت﴾ حضرت سُلطان محمد اصغر علیؒ نے 1987ئ میں اِصلاحی جماعت کی بُنیاد رکھی جس کے اَغراض و مقاصِد قُرآنِ مجید اور احادیثِ مُبارکہ کی روشنی میں اولیأ کرام کی تعلیمات کو عوام النّاس تک پہنچانا اور عامۃ النّاس یعنی اِنسانیّت کو اُن کی زندگی کے اصل مقصد ، معرفتِ الٰہی کی دعوت دینا ہے ۔
حضرت سُلطان محمد اصغر علی صاحب نے اِس جماعت کے تحت مختلف وفُود تشکیل دیئے اور اُنہیں مُلک بھر میں مساجد، مارکیٹس، عوامی مقامات و اجتماعات میں لوگوں تک یہ پیغام پہنچانے کے لئے روانہ کیا ۔ابتداََ اُن وفود میں منتخب لوگوں کو ہی شامل کیا گیا، آپ نے پہلے اُن کی روحانی تربیّت فرمائی، اُن کے دلوں کو پاک اور طیّب کر کے ’’ اسمِ اللہ ذات ‘‘ کے نور سے مُنوّر کیا ، اُن کو امیر یا مُبلّغ کی بجائے آپ نے ’’ صدر‘‘ کا لقب دیا یعنی روشن سینے والا، کیونکہ جب تک کسی کے اپنے سینے کو روشنی نصیب نہ ہو وہ کسی دوسرے کو کیسے مدّ عُو کر سکتا ہے ۔
اِس کے 13 سال بعد آپ نے ایک دوسرا تنظیمی شعبہ ’’عالمی تنظیم العارفین‘‘ کے نام سے قائم کیا جِس کے تحت آپ نے مُلکی و مِلّی مسائل کے حل کے لئے عملی طور پر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا، عالمی تنظیم العارفین کے زیرِ اہتمام پاکستان سمیت دُنیا کے مختلف ممالک میں اِصلاحی و فکری نشستیں اور مختلف موضوعات پہ عوامی اجتماعات، سیمینارز اور کانفرنسزکا اِنعقاد کیا جاتا ہے۔
اِصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین کی دعوت کا دائرہ فقط مُریدین، متوصّلین و معتقدینِ حضرت سُلطان باھُو یا طریقہ عالیہ قادریہ تک ہی محدود نہیں ، اِس کی دعوت کا دائرہ فقط ایک مسلک یا ایک مذہب تک نہیں بلکہ’’ الخلق عیّال اللہ ‘‘ ﴿ تمام مخلوق اللہ کا کنبہ ہے ﴾ کے تحت تمام عالمِ اِنسانیّت تک اِس کا دائرہ وسیع ہے یہی وجہ ہے کہ اتنے مختصر عرصہ اور اتنے محدود وسائل کے ساتھ اِس تحریک کے کارکنان پاکستان کے طول و عرض اور دنیا کے کئی ممالک میں موجود ہیں ۔ پاکستان کے بیشتر اضلاع میں تحریک کے باقاعدہ دفاتر کام کر رہے ہیں اور اُن کے ماتحت تحصیلوں ، قصبوں اور چھوٹے دیہاتوں میں یونٹ کی سطح پہ کام ہورہا ہے ۔
شُعبہ جات
شُعبۂ تبلیغ :
اِصلاحی جماعت دُنیا بھر میں رُشدو ہدایت کی دعوت کیلئے تبلیغی وفُود روانہ کرتی ہے ۔ جو کہ ﴿کم سے کم ﴾ چار سے لیکر زیادہ سے زیادہ کی تعداد پہ مُشتمل ہوتے ہیں ۔ اِصلاحی جماعت کے مُبلّغین قرآن ِ مجید اور احادیث مبارکہ کی روشنی میں عوام النّاس کو ’’ فَفِرُّ وْ اِلیٰ اللّٰہ ‘‘ ﴿ پس دوڑو اللہ کی طرف ﴾ کا پیغام دیتے ہیں ۔ تاکہ اِنسانیّت اپنی زندگی کے مقصد تک حصول پا کر فلاح یاب ہو سکے ۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے ۔
’’ قَدْ اَفْلَحَ مَنْ تَزَکّیٰ ‘‘ ’’ پس تحقیق وہ فلاح پا گئے جنہوں نے تزکیّہ کر لیا ‘‘
اِس کے علاوہ جماعت کے تمام دفاتر میں قرآنِ مجید اور کُتب ِ حضرت سُلطان باھُو کا باقاعدگی سے درس دیا جاتا ہے ۔
شُعبۂ تدریس :
پاکستان کے متعدّد شہروں میں ’’ دارالعلوم غوثیہ عزیزیہ انوارِ حق باھُو سُلطان ‘‘ کے نام سے مدارس کی ایک بڑی تعداد موجود ہے ۔ جہاں حفظِ قرآن ، تجوید و قرأت ، درسِ نظامی اور دیگر مختصر نوعیّت کے علمی و فکری کورسزکروائے جاتے ہیں ۔
نوٹ : اِس شُعبہ کو دورِ جدید سے ہم آہنگ کرنے کی خاطر کالجز اور یونیورسٹیز کے درجہ تک لانے کیلئے توسیعی منصوبہ پہ کام جاری ہے ۔
العارفین پبلی کیشنز:
العارفین پبلی کیشنز کے زیرِ اہتمام مختلف علمی ، فکری و مذہبی موضو عات پہ کُتب و رسائل کی اشاعت کی جاتی ہے ۔ خاص کر اولیأ اللہ کی کتب کے تراجم و متُوْ ن پہ تحقیقی کام کیا جاتا ہے بالخصوص سُلطان العارفین حضرت سُلطان باھُوؒ کی تصانیف پہ۔
حضرت سُلطان باھُوؒ کی ایک سو انتالیس ﴿139﴾ کتب فارسی زبان میں ہیں ، اِس ادارے کے تحت اُن میں سے ہر ایک کتاب کے مختلف قلمی نسخہ جات اکٹھے کر کے اُن کے تقابلی مُطالعے سے صحت مند متن اخذ کیا جاتا ہے پھر اُس کا اُردو میں ترجمہ کیا جاتا ہے اور اُسے اصل فارسی متن کے ساتھ شائع کیا جاتا ہے اِسی طرح جو کتب عربی سے منتقل کی جاتی ہیں اُن کا عربی متن ساتھ شائع کیا جاتا ہے۔ اب العارفین پبلی کیشنز اُن کتب کو دُنیا کی دیگر بڑی زبانوں میں بھی ترجمہ کروا رہا ہے ۔
ماہنامہ مِرأۃ العارفین انٹر نیشنل:
یہ میگزین اپریل 2000ئ سے مُسلسل شائع ہورہا ہے جِس میں عالمی حالات ، اِسلامی دُنیا کے مسائل اور اُن کا حل ، اِسلا می جمہوریّہ پاکستان کو درپیش چیلنجز، نظریۂ پاکستان ، صوفیأ کرام کی تعلیمات، اِقبالیات ا ور دیگر فکری و علمی موضوعات پہ جامع و مُستند تحاریر و مضامین کو شائع کیا جاتا ہے ۔ نیز منتخب موضوعات پہ خصوصی شماروں کی اشاعت بھی کی جاتی ہے ۔
تا حال اِس کی ماہانہ تعدادِ اشاعت پچہتر ہزار ﴿84,000﴾ ہے ۔
العارفین ڈیجیٹل پروڈکشن : ﴿ A.D.P﴾
اے ڈی پی کی بُنیاد 2005 ئ میں جانشینِ سُلطان الفقر حضرت سُلطان محمد علی صاحبؒ نے رکھی ۔
اِس کے زیرِ اہتمام مختلف تاریخی ، مذہبی اور فکری موضوعات پہ ڈاکومنٹریز بنائی جاتی ہیں ۔ اِصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین کے زیرِ اہتمام ہونے والے عوامی اجتماعات ، کانفرنسز اور سیمینارز کی آڈیوز اور ویڈیوز ریلیز کی جاتی ہیں نیز انٹر نیٹ پہ اُن کی اشاعت کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔
اجتماعات، کانفرنسز اور سیمینارز:
تحریک کے زیرِ اہتمام پاکستان سمیت دُنیا کے مختلف ممالک میں اِصلاحی و فکری نشستیں اور مختلف موضوعات پہ عوامی اجتماعات ، سیمینارز اور کانفرنسزکا اِنعقاد کیا جاتا ہے ۔
عوامی اجتماعات
مرکزی ، ڈویژنل ، ضلعی ، تحصیل اور یونٹ کی سطح پہ اجتماعات کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں بلا تفریقِ مسلک عوام النّاس کو شرکت کی دعوت دی جا تی ہے۔ پاکستان سے باہر بھی متعدّد ممالک میں اِصلاحِ انسانیّت کے لئے کارکنانِ جماعت رضاکارانہ طور پہ اپنی خِدمات پیش کرتے ہیں۔
سیمینارز و کانفرنسز
مُلک، مِلَّت اور اِنسانیّت کے موجودہ زوال کی کیفیّت کے پیشِ نظر ’’سعیٔ اتحادِ اُمّت و استحکامِ پاکستان‘‘ سیمینارز و کانفرنسز کا اہتمام مختلف شہروں میں کیا جاتا ہے جس میں ناموَر مُدبّرین و مفکّرین شریک ہوتے ہیں اور اپنے نقطۂ نظر کے مطابق ملک ، ملت اور اِنسانیّت کو درپیش مسائل اور اُن کے حل کی نشاندہی کرتے ہیں۔